ہیٹ ویو: لاہور میں 4 روز کے دوران 270 سے زائد مریض رپورٹ

Published On 27 May,2024 10:00 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہیٹ ویو جاری ہے جبکہ ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک کے مریض رپورٹ ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ 3 روز میں لاہور کے پانچ بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 270 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے، میو ہسپتال میں 70، جناح ہسپتال میں 65 سے زائد مریض لائے گئے، سروسز ہسپتال، گنگارام اور جنرل ہسپتال میں بھی ہیٹ ویو سے متاثرہ مریض رپورٹ ہو رہے ہیں۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ہسپتالوں میں نیم بے ہوشی، چکر آنا، گرمی سے نزلہ زکام اور بخار کے مریض رپورٹ ہوئے، امراض قلب، بلڈ پریشر، شوگر اور گردوں کے عارضے میں مبتلا مریض بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، ہلکے رنگ کے کپڑوں کا استعمال کریں اور سر کو ڈھانپ کر باہر نکلیں، پانی زیادہ استعمال کریں، کاربونیٹڈ ڈرنکس سے پرہیز کریں، او آر ایس کا استعمال یقینی بنائیں، گاڑیوں اور گھروں کی کھڑکیوں پر بلائنڈز اور شیڈز لگائیں، ٹھنڈے پانی سے غسل کریں اور گرمی سے بچیں۔