نیویارک : (ویب ڈیسک ) سٹرابیری صرف اپنے کٹھے میٹھے ذائقے کی وجہ سے ہی مقبول نہیں بلکہ ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس کے روزانہ استعمال سے دل کی بیماریوں کا خطرہ نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قلبی صحت اور بہتر گلوکوز کنٹرول پر مرکوز ایک تحقیق 30جون کو شکاگو میں امریکن سوسائٹی فار نیوٹریشن کے سالانہ اجلاس میں پیش کی گئی۔
الینوائے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے پوسٹ ڈاکٹرل ریسرچ ایسوسی ایٹ ڈاکٹر لسانتھا کرشن ہیریموتھگوڈا نے اس تحقیق کے نتائج پیش کیے ، اینڈوتھیلیل فنکشن اور گلوکوز کنٹرول پر سٹرابیری کے اثرات کا مطالعہ بھی اس تحقیق کا حصہ ہیں۔
اس تحقیق میں 29.8 ± 4.8 کلو گرام پر میٹر سکوائر کا باڈی ماس انڈیکس (BMI) رکھنے والی 36 خواتین اور 32 مردوں کو شامل کیا گیا جن کی عمریں 20 سے 62 سال تھیں۔
تحقیق میں خاص طور پر خون کا بہاؤ بڑھنے سے شریانوں پر پڑنے والے اثر اور اس کی وجہ سے دل کی بیماریوں (CVD) کے خطرے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، جس کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ 4 ہفتوں تک روزانہ سٹرابیری کے استعمال نے شریانوں میں خون کے بہاؤ کو بہتر بنایا۔
اس حوالے سے الینوائے انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی کے پروفیسر برٹ برٹن فری مین اور اس تحقیق کے شریک مصنف کاکہنا ہے کہ پھلوں کا کم استعمال دل کی بیماری اور ذیابیطس کے خطرے کے تین اہم عوامل میں سے ایک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خوراک میں روزانہ ایک کپ سٹرابیری شامل کرنا انسان کی قلبی صحت پر بہت فائدہ مند اثرات دکھا سکتا ہے۔
انسان کو روزانہ کی بنیاد پر وٹامن سی کی جتنی ضرورت ہوتی ہے وہ بھی ایک کپ سٹرابیری سے آرام سے پوری ہوسکتی ہے اور اس پھل میں بہت سے دیگر غذائی اجزاء اور فائدہ مند حیاتیاتی مرکبات بھی پائے جاتے ہیں۔