پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی نشتر ہسپتال کے شعبوں کی منتقلی کی شدید مخالفت

Published On 03 August,2024 10:53 pm

ملتان: (دنیا نیوز) نشتر ہسپتال کے شعبہ نیورو سرجری اور آرتھوپیڈک کی نشتر 2 منتقلی کا فیصلہ کر لیا گیا۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد نے پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی سے ملاقات کی، ڈاکٹروں کے وفد نے علی حیدر گیلانی کو نشتر ہسپتال کے دونوں شعبہ جات کی منتقلی اور اس سے مریضوں کو ہونے والے نقصان سے متعلق آگاہ کیا۔

علی حیدر گیلانی نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ نشتر ہسپتال کے کسی شعبہ کو بند نہیں ہونے دیں گے، 8 اگست کو پنجاب اسمبلی میں نشتر ہسپتال کے معاملے پر تحریک استحقاق بھی جمع کراؤں گا، ملتان اور جنوبی پنجاب کے ایم پی ایز اتوار کو پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

ملتان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف نے کہا کہ نشتر ہسپتال سے شعبہ جات بند کر کے نشتر 2 لے جانے کا فیصلہ غیر منطقی ہے، دونوں ہسپتالوں میں علیحدہ علیحدہ شعبہ جات فعال کئے جائیں تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں فائدہ پہنچایا جا سکے۔