اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جناح میڈیکل کمپلیکس کی جلد تعمیر کیلئے اقدامات یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیر اعظم کے کوارڈینیٹر برائے صحت مختار احمد بھرتھ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو متعلقہ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے جناح میڈیکل کمپلیکس کے ماسٹر پلان اور منصوبے کی تعمیر کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا، حکام کا کہنا تھا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کو ٹرسٹ بنایا جائے گا، جو ہسپتال کے انتظامی امور کو دیکھے گا، اس ٹرسٹ کے پیٹرن اِن چیف وزیر اعظم ہوں گے۔
حکام نے بتایا کہ کمپلیکس کے ماسٹر پلان پر بین الاقوامی شہرت یافتہ امریکی ماہرین کام کر رہے ہیں جبکہ آغا خان فاؤنڈیشن بھی کمپلیکس کے حوالے سے تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے، اجلاس میں منصوبے کی تعمیری لاگت اور معینہ مدت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھاکہ جناح میڈیکل کمپلیکس کو ٹرشری سطح کا جدید ہسپتال بنایا جائے، کمپلیکس میں پورے پاکستان سے مریضوں کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے ماسٹر پلان کی تیاری، تکنیکی معاونت اور طبی آلات کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات لی جائیں، ہم نے پنجاب میں بین الاقوامی معیار کا پی کے ایل آئی ہسپتال بنایا، پی کے ایل آئی پر خوب سیاست کرکے اسے تباہ کرنے کی مذموم سازش کی گئی۔
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کی جلد تعمیر کیلئے اقدامات یقینی بنائے جائیں، جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر میں تعاون پر آغا خان فاؤنڈیشن کے خصوصی طور پر شکر گزار ہیں،انہوں نے ہدایت کی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کو نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں بہترین طبی سہولیات سے آراستہ ہسپتال بنایا جائے۔
وزیرِ اعظم نے آخر میں منصوبے میں شفافیت کے عنصر کو خصوصی اہمیت دینے اور منصوبے کو کم وقت میں مکمل کرنے کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کیں۔