لاہور سمیت پنجاب میں ڈینگی کیسز میں اضافہ، ہسپتالوں میں 10 مریض زیر علاج

Published On 18 August,2024 12:55 pm

لاہور:(دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں ڈینگی کیسز اور لاروا میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور میں ڈینگی کا ایک کنفرم مریض سامنےآیا ہے، رواں سال میں اب تک شہر میں ڈینگی کے 105 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 2 ہزار 67 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا، لاروا برآمد ہونے پر 106 افراد پر ایف آئی آر درج کروائی گئی جبکہ ایک ہزار 961 افراد کو ڈینگی ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ مون سون بارشوں کے بعد شہر میں ڈینگی وائرس پھیلنے کا امکان موجود ہے، شہر میں ڈینگی سرویلنس نہ ہونے کے برابر ہے، لاہور میں 20 ہزار سے زائد ڈینگی ہاٹ سپاٹ موجود ہیں۔

ذرائع نے مزید بتانا ہے کہ شہر میں ڈینگی لاروا کی افزائش میں خطرناک حد تک اضافہ جاری ہے، لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 10 مریض زیر علاج ہیں، تمام مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔