کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر صحت بلوچستان نے سول ہسپتال کوئٹہ کے غیر حاضر عملے کیخلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا۔
وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے رات گئے سول ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، شعبہ حادثات، سرجری، آرتھوپیڈک اور گائنی وارڈ کا معائنہ کیا، وزیر صحت نے ڈاکٹروں، نرسز، فارماسسٹس، وارڈ بوائز اور عملے کے ڈیوٹی روسٹرز چیک کئے۔
انہوں نے غیر حاضر عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دیا اور شعبہ گائنی میں صفائی کی ناقص صورتحال پر وزیر صحت کا اظہار ناراضی کیا۔
بخت محمد کاکڑ کا کہنا تھا کہ ہیلتھ ملازمین عوام کے خادم ہیں، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، صحت کے شعبے میں بہتری کے اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے، دستیاب وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرنا ہوگا۔