کوئٹہ: (دنیا نیوز) محکمہ صحت بلوچستان نے عید کی چھٹیوں کے دوران سول ہسپتال میں غیر حاضر رہنے والے عملے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 15 کنٹریکٹ نرسوں کو نوکری سے برطرف کر دیا۔
محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق محکمے نے سول ہسپتال سے غیر حاضر ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی تنخواہیں روکنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں، سول ہسپتال کے ایم ایس نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
اعلامیہ کے مطابق 18 پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹروں اور ہاؤس آفیسرز کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کردی گئی ہے، 7 اور 8 جون کو بغیر اجازت غیر حاضر رہنے والے 18 پی جی اور ہاؤس آفیسرز کے وظیفے فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
صوبائی وزیر صحت بخت کاکڑ نے کہا ہے کہ غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، مریضوں کی دیکھ بھال میں غفلت قابل معافی نہیں، ہسپتالوں میں نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے۔
یاد رہے کہ وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے رات گئے سول ہسپتال کا دورہ کیا تھا، شعبہ حادثات، سرجری، آرتھوپیڈک اور گائنی وارڈ کا معائنہ کیا تھا، ڈاکٹروں، نرسوں، فارماسسٹس، وارڈ بوائز اور عملے کے ڈیوٹی روسٹرز بھی چیک کئے۔
اس موقع پر انہوں نے غیر حاضر عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دیا تھا اور شعبہ گائنی میں صفائی کی ناقص صورتحال پر وزیر صحت کا اظہار ناراضی بھی کیا تھا۔