پنجاب میں پاکستان کا پہلا اور مثالی ورچوئل بلڈ بینک قائم

Published On 11 June,2025 05:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا انقلابی اقدام، پنجاب میں پاکستان کا پہلا اور مثالی ورچوئل بلڈ بینک قائم کر دیا گیا۔

ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے 4 کا بٹن دبانے پر کال ورچوئل بلڈ بینک سے کنیکٹ ہوجائے گی، ورچوئل بلڈ بینک پر ڈیوٹی سیف سٹی آفیسر مریض کی لوکیشن اور بلڈ گروپ کے بارے میں انفارمیشن حاصل کرتا ہے۔

مریض کے متعلقہ علاقے میں رجسٹرڈ ڈونرز کا کانفرنس کال کے ذریعے مریض کے اہل خانہ سے فوری رابطہ کرا دیا جاتا ہے، بلڈ ڈونیشن ماڈل میں متعلقہ تھانے کے پولیس اہلکار بھی ڈونیشن کے کار خیر میں شامل ہیں۔

پنجاب سیف سٹی کے ورچوئل بلڈ بینک میں بلڈڈونرز کی رجسٹریشن کا طریقہ کار بھی نہایت آسان ہے، بلڈ ڈونر ہیلپ لائن 15، سیف سٹی آفیشل ویب سائٹ یا سرکاری ہسپتالوں میں قائم پولیس خدمت کاؤنٹر پر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔

ورچوئل بلڈ بینک پر روزانہ بلڈ کے حصول کے لئے 2500 لوگ رابطہ کرتے ہیں، روزانہ 250 مریضوں کی بلڈ کی اشد ضرورت کو فوری طور پر پورا کرنے کا انتظام ہے، ورچوئل بلڈ بینک میں رجسٹرڈ بلڈ ڈونرز کی تعداد 25 ہزار سے زائد ہے۔

ورچوئل بلڈ بینک کے ڈونرز میں 10 ہزار پولیس اہلکار 15 ہزار عام شہری ہیں، پنجاب بھر میں 24/7 سروس سے 14 ہزار سے زائد مریض مستفید ہوئے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے شہریوں، بالخصوص نوجوانوں کو بلڈ ڈونیشن کے کارخیر میں شامل ہونے کی اپیل کی اور کہا کہ ضرورت کے وقت خون کا ہر قطرہ قیمتی ہے۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ خون کا ہر قطرہ کسی ضرورت مند کے لئے زندگی کی نوید بن سکتا ہے، پنجاب ڈیجیٹلائزیشن کے نئے دور میں داخل ہوچکا ہے، سروسز کے معیار کو بلندیوں تک لے کر جائیں گے۔