پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج نمونیا کی بیماری کا دن منایا جا رہا ہے

Published On 12 November,2025 07:00 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج نمونیا کی بیماری کا دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصد عوام میں اس جان لیوا بیماری سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر سے متعلق شعور پیدا کرنا ہے۔

نمونیا کے مرض کی روک تھام اور اس کے مہلک اثرات کے بارے میں آگاہی دینے کیلئے عالمی یوم نمونیا ہر سال 12 نومبر کو منایا جاتا ہے، نمونیا پھیپھڑوں کے انفیکشن کی ایک بیماری ہے جس کا وائرس بچوں اور بزرگوں سمیت کمزور مدافعت والے افراد کو اپنا شکار بناتا ہے، دنیا بھر میں اموات کا سبب بننے والے عوارض میں سانس کی نالی کا انفیکشن چوتھے نمبر پر ہے۔

نائجیریا اور بھارت کے بعد پاکستان تیسرا بڑا ملک ہے جہاں نمونیا کے باعث سالانہ 92 ہزار بچے لقمہ اجل بن جاتے ہیں، نمونیا کی علامات میں تیز بخار، سردی لگنا، سانس لینے میں دشواری، سینے میں درد، گردن میں اکڑاؤ، بچے کا دودھ کم یا بالکل نہ پینا، چہرے کا نیلا پڑ جانا جیسی علامات شامل ہیں۔

نمونیا کے مریضوں کیلئے گوشت، مچھلی سمیت زیادہ پروٹین والی غذاؤں کا استعمال مفید ثابت ہوتا ہے، مرض سے بچاؤ کیلئے بچوں کو پیدائش کے ڈیڑھ ماہ، اڑھائی ماہ اور ساڑھے 3 ماہ بعد نمونیا کے ٹیکے لگوانا ضروری ہے۔

سابق وزیر صحت پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ نمونیا دراصل نظام تنفس کے راستے یا پھیپھڑوں کے انفیکشن کو کہا جاتا ہے، اس کی ابتدائی علامات نزلہ اور زکام ہوتی ہیں تاہم درست تشخیص کیلئے ایکس رے کیا جانا ضروری ہے، دمہ، ذیابیطس اور امراض قلب جیسے کسی مرض میں مبتلا ہونے والوں کو اگر نمونیا بھی ہو جائے تو یہ ان کیلئے شدید خطرے کی بات ہوتی ہے، جبکہ کمزور قوت مدافعت والے بھی نمونیا کے باعث موت کا شکار ہو سکتے ہیں۔