پاکستان سمیت دنیا بھرمیں آج ذیابیطس کاعالمی دن منایا جارہا ہے

Published On 14 November,2025 04:12 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھرمیں آج ذیابیطس کاعالمی دن منایا جارہا ہے۔

اِس دن کا مقصد ذیابیطس کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنا ہے، 14نومبر انسولین کے موجد فریڈرک بینٹنگ کا یوم پیدائش بھی ہے، طبی ماہرین کےمطابق شوگر کاعلاج مکمل پرہیز، چہل قدمی اور ورزش سے کیا جا سکتا ہے۔

ورزش ہر ایک کی صحت کے لئے فائدہ مند ہوتی ہے اور یہ عادت ذیابیطس ٹائپ 2 جیسے مرض سے بھی تحفظ فراہم کرتی ہے، یہ بات گزشتہ دنوں اٹلی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

اس تحقیق میں 20 سے 35 سال کی عمر کے 32 افراد کو شامل کیا گیا تھا، ان سب کے گلوکوز ٹیسٹ کیے گئے اور پھر انہیں ہلکی جاگنگ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ 30 منٹ کی ایروبک ورزش سے فوری طور پر بلڈ گلوکوز کی سطح بہتر ہوتی ہے جبکہ انسولین کی حساسیت بڑھتی ہے جس سے طویل المعیاد بنیادوں پر ذیابیطس ٹائپ 2 سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔