انسداد پولیو مہم میں 97 فیصد بچوں کو بچاؤ کے قطرے پلائے: چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا

انسداد پولیو مہم  میں 97 فیصد بچوں کو بچاؤ کے قطرے پلائے: چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی زیر صدارت انسداد پولیو اقدامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے 27 اضلاع میں نومبر کی انسداد پولیو مہم کی کارکردگی، حاصل کردہ اہداف اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نومبر کی انسداد پولیو مہم کے دوران مقررہ ہدف کے 97 فیصد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، جو مہم کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے ایبٹ آباد، چارسدہ، ہنگو اور کوہاٹ میں گزشتہ مہمات کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو کے اقدامات میں مزید بہتری لانے اور باقی ماندہ اہداف کے حصول کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ نہ صرف ایک بین الاقوامی ذمہ داری ہے بلکہ پاکستان کے مستقبل اور عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی اور باہمی تعاون کے ساتھ ادا کرنا ہوں گی۔

چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کے دوران کسی بھی بچے تک رسائی سے محرومی نہ ہو اور ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے مہم کے معیار پر خصوصی توجہ دینے اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ دسمبر میں بھی ایک اور قومی انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی، جس کے لیے پیشگی انتظامات، مؤثر منصوبہ بندی اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

چیف سیکرٹری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور مہم کے ہر مرحلے کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے گی۔