پاکستان میں رواں سال کا دسواں پولیو کیس کرک سے رپورٹ

پاکستان میں رواں سال کا دسواں پولیو کیس کرک سے رپورٹ

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق رواں سال ملک میں رپورٹ ہونے والے 10 پولیو کیسز میں سے 8 خیبر پختونخوا اور 2 سندھ سے سامنے آئے ہیں۔ ضلع کرک میں رپورٹ ہونے والے کیس کا جینیاتی تعلق جنوبی خیبر پختونخوا میں پائے جانے والے وائرس سے ہے، جبکہ صوبے میں رپورٹ ہونے والے 8 کیسز میں سے 4 جنوبی خیبر پختونخوا سے سامنے آئے ہیں۔

نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے، تاہم ویکسین کے ذریعے اس سے بچاؤ ممکن ہے۔ رواں سال کی تیسری اور آخری قومی انسدادِ پولیو مہم 12 سے 18 دسمبر تک ملک بھر میں چلائی جائے گی۔

ایک ہفتے پر مشتمل یہ مہم ملک کے 167 اضلاع میں جاری رہے گی، جس کے دوران 5 سال سے کم عمر 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کے دوران ہر اہل بچے کو پولیو ویکسین کے ساتھ وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جائے گی۔

نیشنل ای او سی کے مطابق 2026 کی آخری قومی انسدادِ پولیو مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت چلائی جائے گی۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے والدین پر زور دیا ہے کہ آئندہ ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے دو قطرے لازمی پلوائیں اور پولیو ویکسین کے ساتھ بچوں کا حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بھی بروقت مکمل کروائیں۔

نیشنل ای او سی نے معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی ہے کہ ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔