دبئی میں وزن کم کرنے والی اہم دوا کی فروخت اور درآمد پر پابندی عائد

دبئی میں وزن کم کرنے والی اہم دوا کی فروخت اور درآمد پر پابندی عائد

دبئی ہیلتھ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) نے نجی شعبے کے صحت مراکز اور طبی ماہرین کو جاری سرکلر میں ’مائی لیسا‘ نامی وزن کم کرنے والی مصنوعات کی خرید و فروخت اور درآمد روکنے کی ہدایت کی ہے۔

اتھارٹی نے طبی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ امارات ڈرگ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ نوٹس میں صحت کے شعبے سے وابستہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وزن کم کرنے کیلئے استعمال ہونے والی ادویات اور مصنوعات مقررہ حفاظتی معیارات اور منظوری کے ضوابط پر پورا اترنی چاہئیں۔

متحدہ عرب امارات میں طبی ماہرین اور ڈاکٹروں نے شہریوں کو بارہا خبردار کیا ہے کہ وزن کم کرنے والی ادویات استعمال کرنے سے پہلے ان کی قانونی منظوری اور حصول کے مستند ذرائع کی تصدیق ضرور کریں۔

ماہرین کے مطابق غیر منظور شدہ یا غیر مستند ذرائع سے حاصل کی گئی مصنوعات صحت کیلئے خطرات کا باعث بن سکتی ہیں۔

امارات ڈرگ اسٹیبلشمنٹ نے 2026 میں وزن کم کرنے کیلئے روزانہ ایک مرتبہ استعمال ہونے والی دو منہ کے ذریعے لی جانے والی جی ایل پی ون ادویات کی منظوری بھی دی تھی، جن میں فاؤنڈایو (اورفورگلیپرون) اور ویگووی گولی (اورل سیماگلوٹائڈ) شامل ہیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق ایسی ادویات عموماً ان بالغ افراد کیلئے تجویز کی جاتی ہیں جن کا باڈی ماس انڈیکس 30 یا اس سے زیادہ ہو، یا بی ایم آئی 27 یا اس سے زائد ہونے کے ساتھ وزن سے متعلق کم از کم ایک طبی مسئلہ بھی موجود ہو، جس میں ٹائپ ٹو ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول کی زیادتی یا نیند کے دوران سانس رکنے کی بیماری شامل ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان ادویات کا استعمال ڈاکٹر کی نگرانی میں ہونا چاہئے اور انہیں کم کیلوریز والی غذا اور باقاعدہ جسمانی سرگرمیوں کے ساتھ استعمال کیا جانا چاہئے، نہ کہ وزن کم کرنے کا فوری اور واحد حل سمجھا جائے۔

ڈاکٹروں نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ طرز زندگی میں مستقل تبدیلیاں لائے بغیر علاج بند کرنے سے دوبارہ وزن بڑھنے کا امکان رہتا ہے۔