پاکستان اور کینیا کا صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور کینیا کا صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اس موقع پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کینیا کے وزیر صحت سے ملاقات کی، جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ اور ڈی جی ہیلتھ بھی شریک ہوئے۔

ملاقات میں آغا خان یونیورسٹی کی صحت کے شعبے میں خدمات، طبی تعلیم اور تحقیق میں تعاون سمیت پاکستان اور کینیا کے درمیان صحت کے شعبے میں اشتراک بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک نے مستقبل میں مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوں گے، پاکستان اور کینیا کے درمیان تعاون سے صحت کی سہولیات کا معیار بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی، حکومت پاکستان صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

ملاقات میں بتایا گیا کہ آغا خان یونیورسٹی طبی تعلیم، تحقیق اور مریضوں کی دیکھ بھال کے شعبوں میں اہم خدمات انجام دے رہی ہے اور پاکستان سمیت مشرقی افریقہ میں صحت کی سہولیات کی بہتری میں کردار ادا کر رہی ہے۔