خلاصہ
- لاہور: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں نے ایک نئی جینیاتی بیماری کا سراغ لگایا ہے جو بتدریج انسان کی رات میں دیکھنے کی صلاحیت اور اطرافی نظر کو متاثر کرتی ہے۔
بین الاقوامی تحقیق کے مطابق اس بیماری میں متاثرہ افراد کو اندھیرے میں دیکھنے اور اطراف میں موجود اشیا کو محسوس کرنے میں دشواری پیش آتی ہے، جبکہ آنکھوں کی مرکزی بینائی طویل عرصے تک معمول کے مطابق برقرار رہ سکتی ہے۔
تحقیق طبی جریدے ’’جاما آفتھلمولوجی‘‘ میں شائع ہوئی، جس میں جامعہ پنسلوانیا کے پیریلمین طبی مدرسے سمیت مختلف عالمی اداروں کے ماہرین نے حصہ لیا، محققین نے اس بیماری کو ’’ای ایف ای ایم پی ون‘‘ نامی جین میں ایک مخصوص تبدیلی سے منسلک کیا ہے، جسے فی الحال ’’ایل او آر ڈی‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اسی جین میں پائی جانے والی ایک دوسری تبدیلی عموماً آنکھ کے مرکزی حصے کو متاثر کرتی ہے، تاہم نئی دریافت ہونے والی بیماری آنکھ کے پردے کے بیرونی کناروں سے شروع ہوتی ہے، اسی وجہ سے ابتدا میں متاثرہ افراد کی مرکزی بینائی محفوظ رہتی ہے، لیکن غروبِ آفتاب کے بعد اور تاریکی میں دیکھنے کی صلاحیت متاثر ہونے لگتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ روشنی سے اچانک اندھیرے میں جانے کے بعد آنکھ کے روشنی محسوس کرنے والے مخصوص خلیات کو معمول کی کارکردگی بحال کرنے میں غیر معمولی طور پر زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی اس وقت بھی سامنے آ سکتی ہے جب آنکھ کے پردے کی ساخت بظاہر بالکل درست دکھائی دے رہی ہو، اس طرح خلیات کے ضائع ہونے سے پہلے ہی بیماری کی نشاندہی ممکن ہو سکتی ہے۔
اس بیماری کی کھوج کا آغاز 1998ء میں امریکا کے ایک خاندان میں بینائی کی غیر معمولی کمی کے مشاہدے سے ہوا تھا، بعد ازاں یورپ کے مختلف ممالک کے خاندانوں میں بھی اسی نوعیت کی علامات سامنے آئیں اور ان کا جینیاتی تعلق دریافت کیا گیا۔
محققین کے مطابق اس جینیاتی تبدیلی کے پھیلاؤ کی درست شرح معلوم کرنے کیلئے مزید بڑے پیمانے پر تحقیق کی ضرورت ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ ایسے نادر جینیاتی امراض کا مطالعہ عمر بڑھنے کے ساتھ لاحق ہونے والی عام بیماریوں اور آنکھ کے پردے کو متاثر کرنے والے عوامل سمجھنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔