خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے گزشتہ چار ہفتوں کے دوران صوبہ بھر کی 693 سرکاری و نجی علاجگاہوں کی انسپیکشنز مکمل کر لیں، طبی سہولیات کے معیار پر عملدرآمد نہ کرنے پر 24 علاجگاہوں کو سیل جبکہ 62 کی مخصوص طبی سہولیات معطل کر دی گئیں۔
ترجمان پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق 56 علاجگاہوں کو نوٹسز بھی جاری کیے گئے جبکہ انتہائی نگہداشت یونٹس اور فائر سیفٹی انتظامات کے 89 خصوصی معائنے بھی کیے گئے۔ کمیشن نے مجموعی طور پر 161 سپیشل انسپیکشنز بھی کیں۔
ترجمان کے مطابق معائنوں میں 225 جی پی کلینکس و ڈسپنسریاں، 96 ہسپتال اور 46 ڈائیلاسز سینٹرز شامل تھے۔ اس کے علاوہ 37 ہومیوپیتھک کلینکس، 30 سنگل سپیشلٹی کلینکس، 25 ڈینٹل کلینکس، 19 مطب، 14 میٹرنٹی ہومز، 12 پولی کلینکس اور 10 تشخیصی مراکز کا بھی معائنہ کیا گیا۔
پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق سات کلیکشن سینٹرز، نشے کے علاج کے پانچ مراکز، چار بنیادی مراکز صحت اور دو ایستھیٹک کلینکس کی بھی انسپیکشنز کی گئیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ انسپیکشنز کا مقصد علاجگاہوں میں مستند ڈاکٹرز اور نرسنگ عملے کی دستیابی، طبی ریکارڈ کی جانچ اور مریضوں کو محفوظ و معیاری علاج کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔