خلاصہ
- مبینہ چاقو مار گرفتار ملزم وسیم کو جلد کراچی منتقل کیا جائے گا، پولیس انسداد دہشت گردی عدالت کے منتظم جج کے روبرو ریمانڈ کے لئے پیش کرے گی: ذرائع
کراچی: (دنیا نیوز) خواتین پر تیز دھار آلے سے حملے کے مبینہ چاقو مار گرفتار ملزم وسیم کو جلد کراچی منتقل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے منتظم جج کے روبرو ریمانڈ کے لئے پیش کرے گی۔ ملزم ابتدائی بیان میں کراچی میں خواتین پر حملے کی وارداتوں سے انکار کرچکا ہے۔ کراچی کے علاقے گلستان جوہر اور اطراف میں خواتین پر 12 حملے ہوئے ہیں۔ ڈی آئی جی ایسٹ سلطان خواجہ کے مطابق کراچی میں خواتین پر حملوں کے اہم مشتبہ ملزم وسیم کو ساہیوال پولیس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
واضح رہے ساہیوال کے چھرا مار وسیم کو منڈی بہاؤالدین سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے پولیس کو بتایا وہ کراچی گیا ہی نہیں تو حملے کیسے کر سکتا ہے، کسی خاتون سے کوئی دشمنی نہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وسیم اس سے قبل ساہیوال میں خاتون پر چھری سے حملہ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا اور اس دوران بھی وہ مکر گیا تھا، وسیم کے ابتدائی بیان کو حقیقت تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔ دوسری جانب ڈی آئی جی ایسٹ سلطان خواجہ کا کہنا ہے کہ وسیم مشتبہ افراد میں سے ایک مشکوک شخص ہے، جسکا طریقہ واردات چیچہ وطنی اور ساہیوال میں ایک جیسا تھا اور اس لئے وسیم کی گرفتاری ضروری تھی، موبائل فون کا بھی فرانزک کرایا جائے گا۔