ق لیگ، عوامی مسلم لیگ اور مجلس وحدت المسلمین نے بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن پر طاہر القادری کی حمایت کا اعلان کر دیا، طاہر القادری کہتے ہیں مطالبات پورے نہ ہوئے تو حکمرانوں کو جوتے مار کر نکالنا ہمارا حق ہے، چودھری شجاعت کہتے ہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن عوامی مسئلہ بن چکا ہے، مجرموں کو مہینوں نہیں ہفتوں میں سزا ملے گی۔
لاہور: (دنیا نیوز) حکومت مخالف محاذ مزید تپ گیا۔ پیپلز پارٹی اور پی ایس پی کے بعد ق لیگ بھی طاہر القادری کی ہم آواز ہو گئی۔ عوامی مسلم لیگ اور مجلس وحدت المسلمین نے بھی حمایت کا اعلان کر دیا۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ نواز شریف چلے گئے، اب شہباز شریف کی باری ہے۔
طاہر القادری بولے، مطالبات پورے نہ ہوئے تو حکمرانوں کو جوتے مار کر نکالیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنی تاخیر ہو گی، اتنے ہی مطالبات بڑھتے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز اور رانا ثناء مستعفی ہوں، وزیر اعلیٰ کیخلاف سڑکوں پر نکلیں گے: زرداری
پریس کانفرس سے خطاب میں مجلس وحدت المسلمین کے رہنماء راجہ عباس نیر نے بھی طاہر القادری کے مؤقف کی تائید کی۔
اس سے پہلے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی طاہر القادری کی رہائشگاہ پہنچے اور طاہر القادری کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اللہ کی پکڑ میں آ گئے ہیں، ظلم کو انجام تک پہنچانے کیلئے طاہر القادری کے ساتھ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مصطفیٰ کمال کی طاہر القادری سے ملاقات، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اظہار یکجہتی