پیمرا نے عامر لیاقت پر پابندی عائد کر دی

Published On 13 Dec 2017 06:48 PM 

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے معروف اینکر پرسن عامر لیاقت پر تاحکم ثانی پابندی عائد کر دی ہے۔

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تمام نجی ٹیلی وژن چینلز کو حکم جاری کیا ہے کہ عامر لیاقت کو آن ایئر نہ لیا جائے۔ پیمرا کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام نجی ٹیلی وژن چینلز اور ایف ایم ریڈیو سٹیشنز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں کہ عامر لیقات حسین کو کسی بھی حیثیت میں آن ایئر نہ لیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم نامے کی روشنی میں بدھ کے روز جاری کیے جانے والے حکم نامے میں تمام لائسنس ہولڈرز ٹی وی چینلز اور ایف ایم ریڈیوز کو واضح ہدایت دی ہے کہ عامر لیاقت حسین کو اپنے پروگرامز کے کسی بھی فارمیٹ مثلاً ٹاک شوز، نیوز، کرنٹ افیئرز، پروگرامز، شوز، ڈرامے، اشتہاری مہم، آڈیو، ویڈیوز اور بپرز وغیرہ میں شامل نہ کریں اور نہ ہی آن ایئر لیں۔ عدم پیروی کی صورت میں خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے عامر لیاقت پر ٹیلی ویژن یا ریڈیو کے کسی بھی پروگرام میں شمولیت پر تا حکم ثانی پابندی عائد کر دی تھی۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ عامر لیاقت کسی ٹی وی ٹاک شو، ریڈیو پروگرام، حتیٰ کہ کسی اشتہار میں بھی ٹی پر نہیں آ سکتے۔