اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر دانیال عزیز نے کہا ہے کہ زیرِ التواء مقدمات پر ہمیشہ ضابطہ اخلاق کے دائرے میں رہ کر بات کی لیکن میڈیا نے بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا، عدالت میڈیا کیلئے جاری ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دے۔
توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ میں وفاقی وزیر دانیال عزیز کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب گیا ہے کہ میڈیا سیاق و سباق سے ہٹ کر رپورٹنگ کرتا ہے، میں نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا اور زیر التواء مقدمات پر ضابطہ اخلاق کے دائرے میں رہ کر بات کی۔ اپنی تقاریر میں کبھی بھی آئینی اداروں کا وقار کم کرنے کی کوشش کی اور نہ ہی عدالتی کارروائی اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ بنا۔
دانیال عزیز نے اپنے تحریری جواب میں کہا کہ عوامی نمائندوں کے الفاظ کو باآسانی سیاق وسباق سے ہٹ کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ٹی وی چینلز کی ذمہ داری ہے کہ ضابطہ اخلاق سے ہٹ کر تقاریر نشر نہ کی جائیں۔ وفاقی وزیر نے استدعا کی کہ عدالت میڈیا کیلئے جاری ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دے، غلط رپورٹنگ کے نتائج ہمیشہ منفی نکلتے ہیں۔ توہین عدالت کیس کی سماعت منگل کو ہو گی۔