نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی وزارتِ خارجہ اپنی ایجنسیوں کو لگام دینے میں ناکام ہے۔ سینئر پاکستانی سفارتکار اور ان کے اہلخانہ کو بیچ سڑک روک کر ہراساں کیا گیا۔ دفترِ خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔
بھارتی دارالحکوت کی مرکزی شاہراہ پر پاکستانی سفارت کار کی گاڑی کو ایک گاڑی آگے کھڑی کر کے روکا گیا، ایک شخص نے گاڑی سے اتر کر سفارتکار اور اہلخانہ کی تصاویر لیں اور چلتا بنا۔
معاملے پر پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفترِ خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔ جے پی سنگھ کو باور کرایا گیا کہ سفارتکاروں کو ہراساں کرنا ویانا کنونشن 1963ء کی خلاف ورزی ہے، ہراساں کرنے سے روکنے میں ناکامی کا مطلب ہے کہ بھارتی حکومت معاملے میں خود ملوث ہے۔