پنجاب بھر کے سکولوں میں اساتذہ کے جینز پہننے اور موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے سکول سربراہان اور سٹاف کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جس کے مطابق اساتذہ کے جینز پہننے اور موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ بند جوتے پہننے ضروری ہوں گے۔
اس کے ساتھ درجہ چہارم کے ملازمین کیلئے کالے رنگ کا لباس پہنا لازمی ہو گا۔ ہر کلاس روم میں کوڑا پھینکنے کیلئے ڈسٹ بن لازمی موجود ہونا چاہیے۔ سکول ٹیچرز اپنے ہیڈ کی اجازت کے بغیر کسی اتھارٹی کو خط نہیں لکھ سکیں گے۔
اساتذہ صرف تعطیلات میں عمرے اور زیارت کیلئے جا سکیں گے۔ کوئی بچہ زمین پر نہیں بیٹھے گا۔ سکول سربراہ درجہ چہارم کے ملازمین کو معطل نہیں کر سکتا۔ اساتذہ سمیت سکول کے کسی بھی ملازم پر میڈیا سے بات کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر متعلقہ سکول سربراہوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔