سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے پر غور

Last Updated On 21 March,2018 07:12 pm

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، پنشن، ملازمین کو دفتری اوقات کے بعد دفاتر میں ڈیوٹی دینے پر ملنے والے الاﺅنس، ہاﺅس رینٹ سیلنگ سمیت دیگر الاﺅنسز ومراعات میں اضافے کی تجاویز پر غور شروع کر دیا ہے۔

اس حوالے سے وزارتِ خزانہ میں ابتدائی ورکنگ شروع کر دی گئی ہے۔ آئندہ ماہ کے وسط تک حتمی ورکنگ پیپر تیار کر کے خزانہ ڈویژن کو بھجوا دیا جائیگا۔ وزارتِ خزانہ کے ریگولیشن ڈیپارٹمنٹ نے آئندہ وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں اضافے کیلیے 3 آپشنز پر مشتمل تجاویز مرتب کرنا شروع کر دی ہیں اور ہر تجویز کیلیے درکار فنڈزکا تخمینہ بھی لگایا جا رہا ہے۔

آئندہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد ایڈہاک ریلیف و الاﺅنس اور پنشن میں 20 فیصد تک اضافے کا امکان ہے جبکہ ملازمین کا لیٹ سٹنگ اور میڈیکل الاﺅنس بھی بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے۔

ایک تجویز یہ بھی زیرِ غور ہے کہ ماضی میں ملنے والے ایڈہاک الاﺅنس کو تنخواہ میں ضم کر دیاجائے اور اس کے بعد بننے والی بنیادی تنخواہ پر اضافہ دیا جائے۔