وزارتِ داخلہ میں دہری شہریت کے افسران کو حساس عہدوں سے ہٹانے کا حکم

Last Updated On 16 March,2018 10:43 pm

 ترجمان وزارتِ داخلہ کے مطابق قومی ادارے میں اہم عہدوں پر تعینات دہری شہریت کے حامل افسران کو فوری طور پر ان کے عہدوں سے ہٹانے کا حکم صادر کر دیا گیا ہے۔ یہ حکم وزیرِ داخلہ چودھری احسن اقبال کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، انہوں نے حکم دیا ہے کہ دہری شہریت رکھنے والے تمام افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا جائے۔


ادھر سرکاری ملازمین کی دہری شہریت کے معاملے میں وفاقی حکومت نے تمام ملازمین کا سروے شروع کر دیا ہے، اس سلسلے میں تمام وزارتوں اور ڈویژنز کے ملازمین میں حلف نامہ تقسیم کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اور نادرا دہری شہریت والے ملازمین کا کھوج لگائیں گے۔ نادرا نے پورٹل بنا کر تمام وزارتوں اور ڈویژنز کے حوالے کر دیا ہے۔ نادرا نائیکوپ رکھنے والے ملازمین کا ڈیٹا بھی ایف آئی اے کے حوالے کرے گا جبکہ ایف آئی اے مربوط سرحدی انتظامی سسٹم کے ذریعے بھی چھان بین کرے گی۔