بلوچستان کی نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا اعلان آج 3 بجے وزیراعلی ہاؤس میں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں ان ہاؤس تبدیلی لانے کے بعد صوبے کے سینئر سیاستدان صوبے کی نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کریں گے۔ جس میں بلوچستان سے کامیاب ہونے والے آزاد 5 سینیٹرز، صوبائی اسمبلی میں نون لیگ اور قاف لیگ کے علاوہ دیگراراکین بھی شمولیت کریں گے۔ پارٹی کے قیام کے بعد 10 رکنی عبوری کونسل بنائی جائے گی جو پارٹی منشور اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔ پارٹی کی رجسٹریشن اور ممبر سازی کاعمل جلد شروع کئے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، بلوچستان کے ق لیگی ارکان اور پارٹی کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے درمیان ملاقات ہوئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سمیت بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ق لیگ کے دیگر ارکان نے مسلم لیگ ق کو خیر آباد کہہ دیا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ق سے کوئی اختلافات نہیں تاہم صوبے کے مفاد میں وہ نئی سیاسی جماعت تشکیل دے رہے ہیں۔ اس موقع پر چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے ساتھ ان کے رشتے مضبوط ہیں، سب نے پاکستان کے لئے کام کرنا ہے۔