راولپنڈٰی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے علاقے ویسٹریج میں تیل اور سپیر پارٹس کے گودام میں آتشزدگی سے لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا، امدادی ٹیموں نے دو گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ویسٹریج ویلی تھری میں غیر قانونی طور پر قائم تیل اور سپیرپارٹس کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دوسرے شیڈ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ کنٹونمنٹ بورڈ کی فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر دو گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا، آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے گودام کے قریبی گھروں کو خالی کرایا گیا اور علاقے کی بجلی بھی منقطع کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق رہائشی علاقے میں گودام غیر قانونی طور پر قائم کیا گیا تھا جہاں کالے تیل اور افغانستان سے سمگل شدہ گاڑیوں کے سپیرپارٹس رکھے جاتے ہیں۔ آگ سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا تاہم آگ لگی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔