اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 2018 کے عام انتخابات بھی ماتحت عدلیہ کی زیر نگرانی کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ فیصلے کے حوالے سے تمام ہائیکورٹس کے رجسٹرار کو خطوط ارسال کر دیئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی ماتحت عدلیہ کے جوڈیشل افسران سے کی جائے گی۔ الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 50 اور 51 کے تحت کمیشن نے رجسٹرار ہائی کورٹس سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور سول ججز کی فہرستیں بھی مانگ لی ہیں۔