چیف جسٹس کو فریادی جیسے الفاظ استعمال نہیں کرنے چاہئیں: نواز شریف

Last Updated On 29 March,2018 05:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف کا کہنا ہے کہ فریادی جیسے الفاظ نہیں استعمال کرنے چاہئیں، شاہد خاقان عباسی سے بات کروٖں گا، وزیراعظم چاہیں تو اس پر چیف جسٹس سے وضاحت طلب کر سکتے ہیں، ووٹ کی عزت کے بیانیہ کو ہر جگہ عزت مل رہی ہے۔

سابق وزیراعظم نے نیب کورٹ میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس کو فریادی جیسے الفاظ نہیں کہنےچاہئیں تھے، وزیراعظم چاہیں تو اس پر چیف جسٹس سے وضاحت طلب کر سکتے ہیں ، میں تو اس وقت بھی خاموش رہا جب جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہا کہ نواز شریف کیلئے اڈیالہ جیل میں جگہ موجود ہے ، جو ادارے کسی کو آلہ کار بناتے ہیں یہ سلسلہ اب رک جانا چاہئے۔

نواز شریف نے سوال اٹھایا کہ 70 سال میں کتنے وزرائےاعظم اور اسمبلیوں نے اپنی مدت پوری کی، دوسری جانب ہر کوئی اپنی مدت پوری کرتا ہے پھر توسیع بھی لیتے ہیں۔ نیب کیسز پر ان کا کہنا تھا کہ ہماری فراہم کردہ دستاویزات ہمارے خلاف ثبوت کے طور پر پیش کر رہے ہیں، جے آئی ٹی کے بکسے تالے لگے آتے اور چلے جاتے ہیں ، کھول کر دیکھنا چاہیے ان میں کیا ہے۔