اسلام آباد ہائیکورٹ: فاروق ستار ایم کیو ایم پاکستان کی کنوینر شپ پر بحال

Last Updated On 29 March,2018 04:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کو پارٹی کے کنوینئر کے طور پر بحال کر دیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کا حکم معطل کر کے تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں:فاروق ستار ایم کیو ایم کی کنوینر شپ سے فارغ

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ڈاکٹر فاروق ستار کی درخواست کی سماعت کی۔ بابر ستار ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں عدالت سے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کر دیا جس کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر کے عہدے پر بحال ہوگئے ہیں۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 11 اپریل تک ملتوی کر دی۔

یہ خبر بھی پڑھیں:فاروق ستار نے فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنے درخواست میں الیکشن کمیشن، کنور نوید جمیل اور خالد مقبول صدیقی کو بھی فریق بنایا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم بہادر آباد کے رہنمائوں کی درخواست پر ایم کیو ایم پاکستان کے انٹراپارٹی الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کی پارٹی کنوینئر شپ ختم کر دی تھی۔


فاروق ستار کے وکیل نے جسٹس عامر فاروق کے روبرو دلائل میں کہا کہ الیکشن کمیشن کو پارٹی کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا اختیار نہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار کے نام سے رجسٹرڈ ہے، کوئی دوسرا بندہ پارٹی سربراہی کا دعویٰ کرے تو الیکشن کمیشن کو فیصلے کا اختیار نہیں، وہ شخص سول عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔