کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کہتے ہیں کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے ذریعے صوبے کی محرومیاں ختم کر کے ترقی یافتہ صوبہ بنائیں گے۔ باہر بیٹھے افراد پاکستان واپس آ کر بلوچستان کو ترقی دلائیں۔
بلوچی ادبی اکیڈمی کے زیرِ اہتمام سینئر صحافی و دانشور صدیق بلوچ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی وزیرِ اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو تھے۔ تقریب میں سینئر صحافی، دانشور اور سول سوسائٹی کے لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئے جنہوں ںے صدیق بلوچ کی صحافتی، ادبی اور سیاسی خدمات پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ صدیق بلوچ ایک بہت بڑی شخصیت کے مالک تھے۔ جن کی آنکھیں بند ہونے سے بلوچستان میں صحافت کا ایک بڑا باب بند ہو گیا۔ بلوچستان گزشتہ 20 سال سے دہشتگردی کی لپیٹ میں رہا جس کی زد میں سب سے زیادہ صحافی آئے لیکن مشکل ترین وقت کے باوجود چند صحافیوں بالخصوص صدیق بلوچ کا کردار قابل تعریف ہے۔
عبدالقدوس بزنجو نے نئی پارٹی کے بارے میں کہا کہ اس پارٹی کا مقصد بلوچستان کی محرومیوں کو ختم کرنا ہے۔ اس پارٹی میں صوبے کی تمام اقوام مل کر بلوچستان کے حقوق حاصل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بلوچستان کے فیصلے مری اور اسلام آباد میں ہوا کرتے تھے لیکن اب بلوچستان کی فیصلے یہیں ہونگے۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بھٹکے ہوئے لوگوں کو قومی دھارے میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں تا کہ وہ صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ باہر بیٹھے افراد دوسروں کے اشارے پر صوبے کا امن تباہ نہ کریں، بلوچستان میں کسی صورت دہشگردی قبول نہیں کی جائیگی۔