لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز سمیت مسلم لیگ نون کے دیگر رہنماؤں کی عدلیہ مخالف تقاریر کیخلاف سماعت کرنے والا لاہور ہائیکورٹ کا فل بنچ دوسری بھی بار تحلیل ہوگیا، بنچ کے رکن جسٹس شاہد مبین نے درخواستوں پر سماعت سے معذرت کر لی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور دیگر مسلم لیگ کے رہنماؤں کی عدلیہ مخالف تقاریر کیخلاف درخواستوں پر سماعت کرنا تھی لیکن بنچ کے رکن جسٹس شاہد مبین نے ذاتی وجوہات کی بنا پر بنچ کا حصہ بننے اور درخواستوں پر سماعت سے معذرت کر لی جس کے باعث بنچ تحلیل ہوگیا۔
چیف جسٹس نے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس عاطر محمود اور جسٹس شاہد مبین پر مشتمل فل بنیچ تشکیل دیا تھا۔ جسٹس شاہد مبین کی معذرت کے بعد اب چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نیا بنچ تشکیل دیں گے اور نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی عدلیہ مخالف تقاریر پر بندش کیلئے درخواستوں پر 6 اپریل کو سماعت ہو گی۔