احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیب ریفرنسز کی سماعت کررہے ہیں۔ وکیل خواجہ حارث نے واجد ضیاء پر جرح کرتے ہوئے پوچھا آپ نے ایون فیلڈ پراپرٹیز کے حوالے سے نواز شریف کی ملکیت کی کوئی دستاویزات پیش کیں، کوئی ایسی دستاویزات پیش کیں جن سے ثابت ہو کہ نواز شریف ایون فیلڈ پراپرٹیز کے بینیفیشل اونر ہیں جس پر واجد ضیاء نے جواب دیا کہ نہیں ایسی دستاویزات ہمارے پاس نہیں اور نہ پیش کیں، ایون فیلڈ پراپرٹیز، نیلسن اور نیسکول کی ملکیت تھیں، ایسی دستاویزات نہیں جن سے ثابت ہو نواز شریف بینیفیشل اونر ہیں۔
وکیل خواجہ حارث نے پوچھا کہ نیلسن اور نیسکول کے ساتھ غیر سرکاری فرم موزیک فونسیکا ڈیل کر رہی تھی، موزیک فونسیکا نے کوئی ایسی معلومات دیں کہ نواز شریف ان کمپنیوں کے بینیفیشل اونر ہیں۔ واجد ضیا نے بتایا کہ یہ درست ہے کہ یہ غیر سرکاری مگر رجسٹر ڈ فرم ہے، ہم نے میوزک فونسیکا سے براہ راست کوئی خط و کتابت نہیں کی۔