خیبرپختونخوا احتساب کمیشن میں غیر قانونی بھرتیاں، نیب تحقیقات شروع

Last Updated On 07 April,2018 06:41 pm

62 میں سے60 امیدواروں کی درخواستیں بغیر وجہ مسترد، درجنوں امیدواروں کا ریکارڈ غائب کرنے کا انکشاف

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا احتساب کمیشن میں بھرتیوں کے دوران بڑے پیمانے پر ہونے والی بے ضابطگیوں کی نیب نے تحقیقات شروع کر دی ہیں جن میں درخواستیں دینے والے درجنوں امیدواروں کا ریکارڈ غائب کرنے، غیر قانونی بھرتیوں اور خلاف ضابطہ تعیناتیوں کا راز کھلا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ احتساب کمیشن میں بھرتیوں کے دوران 2 امیدواروں کی انٹرویو شیٹ پر چیئرمین نے "NO" لکھا جسے "YES" کردیا گیا، بھرتی کے لیے درخواستیں دینے والے درجنوں امیدواروں کا ریکارڈ غائب کر دیا گیا، اسسٹنٹ ڈائیریکٹر ایڈمنسٹریشن کا نام کامیاب امیدواروں میں نہیں پھر بھی بھرتی ہوگیا، ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے درخواست دینے والوں کو ایڈیشنل ڈائریکٹر لگانے کا بھی انکوائری میں علم ہوا ہے۔

سلیکشن کمیٹی نے امیدواروں کو مسترد کیا اس کے باوجود بھرتی ہوگئے، درجنوں افسران کو بغیر تجربہ بھرتی کیے جانے اور انٹرمیڈیٹ کرنے والے کو احتساب کمیشن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر تعینات کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے جبکہ ڈائریکٹر انوسٹی گیشن کی 62 میں سے60 امیدواروں کی درخواستیں بغیر وجہ مسترد کی گئیں۔