اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمران خان کا کہنا ہے نواز شریف نے جو بویا وہ کاٹ رہے ہیں ، اگر تحریک انصاف نہ ہوتی تو پاناما کیس دب چکا ہوتا، نوازشریف 300 ارب روپے ملک سے باہر لے کر گئے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے مرکزی مجلس عاملہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ان شاءالله آنے والا دور تحریک انصاف کا ہے ، پی ٹی آئی میں آنے والے خواہشمندوں کی لمبی فہرست ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے گزشتہ الیکشن کی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے، الیکشن میں ٹکٹ میرٹ پر دیں گے، سب امیدوار پارلیمانی بورڈ کے فیصلوں کو تسلیم کریں۔
عمران خان کا کہنا تھا آپس کے اختلافات ختم کر کے پارٹی کو مضبوط بنائیں، پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی برداشت نہيں کی جائے گی، کامیابی کے لئے آپس کے اختلافات کو ختم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا 29 اپریل سے انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کریں گے، لاہور میں 2011ء کے جلسے کی یاد تازہ کریں گے، عوام تحریک انصاف کی رابطہ عوامی مہم پر زبردست ردِعمل دے رہے ہیں۔