پی ٹی آئی رہنماء سراج خان کا ن لیگ میں شمولیت کا اعلان

Last Updated On 12 April,2018 09:46 am

پشاور: (دنیا نیوز) کپتان کا ایک اور کھلاڑی آؤٹ، این اے 6 نوشہرہ سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سراج محمد خان ن لیگ میں شامل ہوگئے۔

پاکستان مسلم لیگ ن نے خیبرپختونخوا میں کپتان کی وکٹ اڑا دی۔ نوشہرہ سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ایم این اے منتخب ہونے والے سراج احمد خان ن لیگ میں شامل ہوگئے۔ شہباز شریف کے آئندہ وزیراعظم بننے کی پیش گوئی بھی کردی۔

پاکستان مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی سے پنجاب میں اپنی وکٹیں اڑانے کا بدلہ خیبرپختونخوا میں لے لیا۔ وزیراعلیٰ پرویزخٹک کے شہر نوشہرہ سے ایم این اے منتخب ہونے والے سراج احمد خان ن لیگ کو پیارے ہوگئے۔ سراج احمد خان نے مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر امیر مقام کی رہائشگاہ پر ن لیگ کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کی، جس کے بعد پارٹی ورکرز کنونشن میں باضابطہ طور پر ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔صحافی کی جانب سے سوال پر کہ پی ٹی آئی کیوں چھوڑ رہے ہیں،سراج محمد نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ مجھے ناچنا نہیں آتا۔

 

واضح رہے کہ سراج احمد خان این اے چھ نوشہرہ ٹو سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔