پاک فوج کی جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کی مذمت

Last Updated On 15 April,2018 11:17 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کی جانب سے سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کی مذمت کی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کا واقعہ قابل مذمت ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز ریاستی اداروں کے مؤثر کردار کیلئے محفوظ فضا یقینی بنائیں۔ امن و امان کی صورتحال میں بہتری اور استحکام کی کوششیں جاری رکھنی چاہیے۔

خیال رہے کہ جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کے دو واقعات پیش آئے،سپریم کورٹ ترجمان کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ گزشتہ رات 10:45اور دوسرا صبح 9:45 پر پیش آیا۔ واقعے کے بعد چیف جسٹس ثاقب نثار ،جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پہنچے اور تحقیقات کی خود نگرانی کی۔ آئی جی پنجاب سے بھی رپورٹ طلب کی، پولیس اور رینجرز کی نفری بھی جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پہنچی اور معاملے کی تحقیقات کا سلسلہ شروع کیا۔

واضح رہے کہ جسٹس اعجاز الاحسن پاناما کیس کی سماعت کرنے والے بینچ میں شامل تھے اور وہ احتساب عدالت میں زیرسماعت ریفرنس کے نگراں جج بھی ہیں۔