سعودی عرب میں ”گلف شیلڈ ون“ فوجی مشقیں اختتام پذیر

Last Updated On 16 April,2018 07:33 pm

ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب میں ایک ماہ سے جاری ”گلف شیلڈ ون“ نامی فوجی مشقیں اختتام پذیر، اختتامی تقریب میں وزیرِ اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت عرب ممالک کے سربراہان نے شرکت کی۔

وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے سعودی ریاض میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیرِ دفاع خرم دستگیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعظم نے سعودی وزیرِ دفاع اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی۔

وزیرِ اعظم سعودی عرب میں جاری ”گلف شیلڈ ون“ نامی فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر خلیجی ممالک کے سربراہان اور اسلامی اتحادی افواج کے سربراہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف بھی موجود تھے۔ 24 ممالک کی مشترکہ مشقوں میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے بھی اپنی مہارتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔