ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب میں روشن خیالی کی لہر عروج پر، سعودی تاریخ میں پہلی مرتبہ فیشن ویک کی سرگرمیاں زور و شور سے جاری ہیں، ریاض کے مشہور Ritz-Carlton Hotel میں سٹیج سج گیا۔
سعودی تاریخ کے پہلے فیشن ویک کا آغاز ہو گیا ہے۔ ریاض کے مشہور Ritz-Carlton Hotel میں فیشن کی دنیاکے جگمگاتے ستاروں کا جھمگٹا لگ گیا۔ خلیجی ممالک اور یورپ کی معروف ماڈلز اور دنیا بھر سے فیشن ڈیزائنرز ریاض پہنچ گئے ہیں جہاں پورے ہفتے فیشن کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ فیشن ویک کے دوران مرکزی ہال میں مردوں کے داخلے اور کیمرہ لے جانے کی ممانعت ہے۔
جمعرات کو سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق دی رِٹز کارلٹن ہوٹل میں سجے اس فیشن ویک کا اہتمام22 عرب ممالک کی نمائندگی کرتے عرب فیشن کونسل کی جانب سے کیا جا رہا ہے،جبکہ 5روزہ فیشن ویک میں کل 16فیشن شوز منعقد کئے جائینگے۔10اپریل سے 14اپریل تک سجنے والے اس فیشن ویک میں فرانس،یوکرین،اٹلی اور امریکا سمیت دنیا بھر سے نامور فیشن ڈیزائنرز شرکت کررہے ہیں۔
سعودی عرب کی دو مشہور خواتین ڈیزائنرز ارویٰ بناوی اور مشعل الراجعی کے ملبوسات بھی عرب فیشن ویک کا حصہ ہیں۔
ہزادی نوریٰ نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب کو فیشن میں ہمیشہ دلچسپی رہی ہے۔ہماری فیشن کونسل سعودی عرب میں فیشن انڈسٹری کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی کوشش کر رہی ہے اور بطور ایک نئی انڈسٹری اس کے پھلنے پھولنے کی خواہش مند ہے۔دلکش پہناوے فیشن کے دلدادہ افراد کی توجہ کا مرکزبنے ہوئے ہیں جو نہ صرف ثقافتی تقاضوں پر پورا اترتے دکھائی دیئے بلکہ اس میں سعودی عرب کی اقدارکا بھی خیال رکھا گیا ہے