واشنگٹن: (ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین حل ہونے تک اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم نہیں ہو سکتے لیکن دوسری جانب انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور اسرائیل کا دشمن مشترکہ ہے۔
ایک امریکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی ولی عہد نے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کا دشمن ایک ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایران مشرقِ وسطیٰ میں مسائل کی جڑ ضرور ہے لیکن وہ ہمارے لیے بڑا خطرہ نہیں، تاہم اگر اس پر نظر نہیں رکھی گئی تو پھر یہ خطرہ بن سکتا ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے واضح کیا کہ ہم مسئلہ فلسطین کے پُر امن حل کی حمایت کریں گے اور یہ مسئلہ حل ہونے کے اگلے ہی روز اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال ہو جائیں گے اور یہی سب کے لیے بہتر ہو گا۔