اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی ولی عہد نے صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر سے خفیہ معلومات کے تبادلے کی تردید کر دی۔ کہتے ہیں ٹرمپ انتظامیہ کی حمایت حاصل کرنے کے لیے جیرڈ کشنر سے تعلق کو استعمال نہیں کیا، جوہری توانائی کو تیل کے متبادل کے طور پر اپنانا چاہتے ہیں۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امریکی انتظامیہ کی حمایت حاصل کرنے کے لیے صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر سے تعلق کو کبھی استعمال نہیں کیا۔
امریکہ میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ شہزادہ محمد بن سلمان جیرڈ کشنر کے ساتھ اہم خفیہ معلومات کا تبادلہ کرتے رہتے ہیں، تاہم سعودی ولی عہد نے ان دعوؤں کی تردید کی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب مسقبل میں تیل کی جگہ جوہری توانائی کو استعمال کرنا چاہتا ہے، اس مقصد کے لیے وہ یورینیم کو امریکی نگرانی میں سعودی عرب میں ہی افزودہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔