وفاقی کابینہ کا اجلاس، سعودی عرب اور چين کے ساتھ سزا يافتہ افراد کی حوالگی کے معاہدے کی منظوری

Last Updated On 28 March,2018 09:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے سعودی عرب اور چين کے ساتھ سزا يافتہ افراد کی حوالگی کے معاہدے کرنے کے ساتھ ساتھ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے قانون کی بھی منظوری دیدی۔

وزيرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کے زیرِ صدارت اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کابينہ نے چين اور سعودی عرب کے ساتھ سزا يافتہ افراد کی حوالگی کے حوالے سے معاہدے کرنے کی منظوری دی۔ ان معاہدوں کی صورت ميں دونوں ممالک کی جيلوں ميں موجود پاکستانيوں کو وطن لا کر باقی سزا ملکی جیلوں میں پوری کرنے کی اجازت ہو گی۔

کابینہ نے نادرا سروسز کے حوالے سے حکومتِ صوماليہ کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی منظوری دی جبکہ محمد نويد کو ممبر فنانس پی ٹی اے بنانے کی بھی منظوری دی گئی تاہم وہ تين ماہ کے لئے چیئرمين پی ٹی اے کا اضافی چارج بھی رکھیں گے۔

وفاقي کابينہ نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کےلئے نئے قانون کی منظوری دی جس ميں انسانی سمگلنگ کے حوالے سے سخت سزاؤں کی تجاويز دی گئی ہيں۔ کابينہ نے ڈرگ کورٹ اسلام آباد کے چيئرمين کے لئے غلام ساجد تقی، انسدادِ منشيات سپيشل کورٹ راولپنڈی ميں جج کی تعيناتی کے لئے محمد اکرم جبکہ ايم ڈی پيپرا کی تعيناتی کے لئے فدا محمد کی منظوری بھی دی۔

اس کے علاوہ ڈی جی پاکستان سٹينڈرڈ اينڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے لئے عبدالعليم کی تعيناتی کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابينہ نے 139 ادويات کی زيادہ سے زيادہ ريٹيل پرائس کے حوالے سے سمری کی منظوری بھی دی۔
 

Advertisement