'اسلام معتدل ہے، بعض عناصر ہائی جیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں'

Last Updated On 24 March,2018 06:19 pm

 

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ ان کے نزدیک اسلام عقل و شعور کا مذہب ہے۔ اسلام معتدل اور آسان ہے جب کہ ایسے لوگ ہیں جو اسے ہائی جیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سعودی ولی عہد نے یہ بات واشنگٹن سے روانہ ہونے سے قبل امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے ایڈیٹروں کے ساتھ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں کہی۔

محمد بن سلمان کے مطابق انہوں نے مملکت کے اندر اصلاحی اقدامات کے لیے پوری طاقت سے کام کیا۔ ان میں سعودی خواتین کے لیے گاڑی چلانے کی اجازت سمیت ان کو بہت سے حقوق کا پیش کرنا شامل ہے۔

نجی چینل سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ 1979ء کے بعد ہم شدت پسندی کا شکار ہو گئے بالخصوص میری عمر کی نسل اس کا نشانہ بنی۔ انہوں نے اسکولوں اور تعلیم میں شدت پسندی کے سرائیت کر جانے پر بھی روشنی ڈالی۔ سعودی ولی عہد نے زور دے کر کہا کہ وہ شدت پسند افکار اور نظریات کو تعلیمی سیکٹر تک ہر گز نہں پہنچنے دیں گے۔