بھارتی لڑکی نے اسلام قبول کر کے پاکستانی لڑکے سے شادی کر لی

Last Updated On 18 April,2018 08:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی بھارتی لڑکی پاکستانی لڑکے کی محبت میں گرفتار، اسلام قبول کر کے پاکستانی لڑکے سے شادی کر لی۔

دنیا نیوز کے مطابق بیساکھی میلے پر بھارت سے پاکستان آنے والی سکھ یاتری نے اسلام قبول کر کے پاکستانی مسلم لڑکے سے شادی کر لی۔ بھارت سے آئی یاتری خاتون کرن بالا ولد منوہرلال جامعہ نعیمیہ لاہور میں مشرف با اسلام ہوئیں۔ کرن بالا کا اسلامی نام آمنہ بی بی رکھا گیا۔ آمنہ بی بی نے قبول اسلام کے بعد پاکستانی لڑکے سے شادی بھی کر لی۔ آمنہ بی بی نے محمد اعظم ولد خادم حسین سے شادی کی ہے۔

خادم حسین لاہور کے علاقہ ہنجروال ملتان روڈ کا رہائشی ہے۔ آمنہ بی بی نے حکومت پاکستان سے اپنے ویزے میں توسیع کیلئے درخواست جمع کرا دی ہے۔

خاتون کی جانب سےویزے میں توسیع کی درخواست محکمہ خارجہ کو دی گئی ہے۔ آمنہ بی بی کا کہنا تھا کہ اب بھارت میں ان کی جان کو خطرہ ہے اس لیے ان کے ویزہ میں توسیع کی جائے۔

خیال رہے کہ رواں سال 1560 یاتری بیساکھی میلہ میں شمولیت کے لیے پاکستان آئے ہیں اور آمنہ بی بی بھی انہیں یاتریوں میں شامل تھیں۔ پاکستانی کے صوبہ پنجاب میں سکھ  مذہب کی اہم مذہبی تقریبات جاری ہیں۔

 

حکومت پاکستان نے سکھ یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں اور ان کی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے مناسب سہولیات فراہم کی ہیں۔