گاڑی کی ٹکر سے شہری کی ہلاکت، کرنل جوزف کا نام بلیک لسٹ میں شامل

Last Updated On 24 April,2018 08:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں امریکی سفارتکار کی گاڑی سے شہری کی ہلاکت کے مقدمے میں وفاقی حکومت نے جواب جمع کرا دیا، کرنل جوزف کے بیرون ملک جانے پر پابندی لگاتے ہوئے نام بلیک لسٹ میں شامل کر لیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے حادثے میں جاں بحق عتیق بیگ کے والد کی درخواست پر سماعت کی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو ویانا کنونشن کےتحت استثنٰی حاصل ہے، گرفتاری ہوسکتی ہے اور نہ ہی ٹرائل مگر حکومت نے ملزم کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا ہے۔

جسٹس عامر فاروق کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ ملزم سے تفتیش ہونی چاہیے یہاں ہو یا امریکہ میں، وزارت داخلہ حکام نے عدالت کو بتایا کہ اگر امریکہ کرنل جوزف کا سفارتی استثنٰی واپس لے لے تو پھر ٹرائل ہوسکتا ہے۔

عدالت نے وزارت خارجہ کو 10 روز میں سفارتی استثنٰی سے متعلق سوالات کے جوابات دینے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔