چودھری نثار پی ٹی آئی میں شامل نہیں ہوں گے، رانا ثناء اللہ

Last Updated On 25 April,2018 11:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیرِ قانون پنجاب رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ چودھری نثار کی مسلم لیگ ن میں عزت میں کوئی کمی آئی ہے اور نہ ہی کبھی آئے گی۔

رانا ثناء اللہ کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف سویلین بالا دستی کا مقدمہ لڑنے جا رہے ہیں۔ پاکستان کے عوام ان کے بیانیہ کے ساتھ ہیں۔ عوام ووٹ کی عزت کو کامیاب کریں گے۔

صوبائی وزیرِ قانون نے کہا کہ عمران خان جو گفتگو کر رہے ہیں، ہمیں پتہ ہے کہ وہ کیسے وکٹیں گرانے کی بات کر رہے ہیں۔ وہ کسی اور کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں اور سمجھ رہے ہیں کہ وزیرِاعظم بن جائیں گے لیکن وہ عوام کی پذیرائی کے بغیر یہ عہدہ حاصل نہیں کر سکتے۔ وکٹیں گرانے والوں کو سوچنا چاہیے کہ سیاست میں وکٹیں گرانے سے کہیں جمہوری عمل کی وکٹیں نہ گرا دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے چودھری نثار علی خان پی ٹی آئی میں شامل نہیں ہوں گے اور ن لیگ میں رہیں گے۔ ان کی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں عزت کم ہوئی ہے اور نہ ہی کبھی ہو گی۔

وزیرِ قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ چیف جسٹس کہہ رہے ہیں کہ سپریم کورٹ جمہوریت کے ساتھ ہے۔ جب عدلیہ کی طرف سے بات کی جا رہی ہے تو کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔

 

Advertisement