افغانستان سے دہشتگردوں کا پاکستانی چیک پوسٹ پر حملہ، ایک جوان شہید

Last Updated On 26 April,2018 05:22 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) افغان سر زمین سے دہشتگردوں نے ایک بار پھر پاکستانی چیک پوسٹ پر حملہ کیا ہے۔ دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا 21 سالہ سپاہی فرمان اللہ شہید ہوا۔ حملہ افغانستان کی سر زمین سے کیا گیا۔

پاک فوج نے موثر جواب دیتے ہوئے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا جس سے دہشتگرد بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔ جوابی کارروائی میں کئی دہشتگرد زخمی بھی ہوئے۔

یاد رہے کہ افغان سر زمین سے پاکستانی چیک پوسٹوں کو مختلف اوقات میں نشانہ بنایا جاتا ہے۔ پاکستان ان حملوں پر افغانستان سے کئی بار احتجاج کر چکا ہے۔