ریاض: (دنیا نیوز) سعودی شاہی محل کے قریب ڈرون کی پرواز، عالمی میڈیا پر شاہی خاندان کے خلاف بغاوت کی افواہیں اڑتی رہیں۔ کھلونا ڈرون تھا جسے مار گرایا گیا، سعودی حکام کی وضاحت، ملک بھر میں بغیر اجازت ڈرون اڑانے پر پابندی لگا دی گئی۔
سعودی شاہی محل کے قریب فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو شاہی خاندان کے خلاف بغاوت کی افواہوں نے عالمی میڈیا پر ہلچل مچا دی۔ ٹی آر ٹی نے امریکی میڈیا کے حوالے سے کہا کہ بری فوج کے سربراہ جنرل آلوکاس نیپلز کی قیادت میں فوج کے ایک گروپ نے شاہی خاندان کا تختہ الٹنے کی کوشش کی ہے۔
بعض خبروں میں ولید بن طلال سے منسلک سعودی قومی محافظوں کی جانب سے بغاوت کا دعویٰ بھی کیا گیا۔ برطانوی میڈیا نے یہاں تک کہہ دیا کہ شاہ سلمان کو فوجی بنکرمیں منتقل کر دیا گیا ہے۔ سعودی حکام نے واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک کھلونا ڈرون شاہی محل کے قریب آگیا تھا جسے گولی مار کر گرا دیا گیا۔ واقعے کے بعد ملک بھر میں بغیر اجازت ڈرون اڑانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔