’قائدِ حزب اختلاف اور میئر کراچی کو ہٹانے کی ہر سازش ناکام بنا دیں گے‘

Last Updated On 26 April,2018 06:47 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان بہادر آباد کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے سندھ اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف اور میئر کراچی کو غیر جمہوری طریقے سے ہٹانے کی ہر سازش کو وہ ناکام بنا دیں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار پہلے کوئی حتمی فیصلہ کر لیں تو پھر وہ بھی کوئی فیصلہ کر لیں گے۔

ایم بہادر آباد میں ایم کیو ایم کے عارضی مرکز پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان پر کبھی بھی کرپشن کا الزام نہیں لگا ہے، اگلے مہینے صوبائی اور قومی اسمبلی اپنی مدت پوری کرنے جا رہی ہے، اس کے بعد تمام جماعتیں الیکشن کے عمل میں داخل ہو جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 30 سال سے سندھ کے شہری علاقوں میں ایم کیو ایم کے پچاسی فیصد مینڈیٹ رہا، اچھے اور جبر کے حالات میں بھی سندھ کے شہریوں نے اس مینڈیٹ کو برقرار رکھا ہے، کسی کو کراچی میں تبدیلی لانے کا شوق ہے تو لوگوں کا دل جیتنا پڑیگا۔ طاقت کے بل بوتے کراچی کے لوگوں کا دل نہیں جیتا جا سکتا۔

خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان اس بوسیدہ جاگیردارانہ نظام کیخلاف ہے، ایم کیو ایم کے پاس کوئی موروثی سیاست نہیں ہے، 70 سال سے جاگیردارانہ نظام کے بل بوتے پر پلنے والے لوگ ایم کیو ایم سے ڈرتے رہے ہیں اور پروپیگنڈہ کرتے آئے ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کچھ حالات ایسے پیدا کیے گئے کہ اراکین اسمبلی ایم کیو ایم کے ساتھ نہ رہ سکیں، ان کی وفاداریاں تبدیل کرائی گئیں، مصنوعی انتظامات اور طاقت کے بل بوتے ہمارے اراکین کسی اور جماعت کے حوالے کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم صرف اس لئے موجود نہیں ہے کہ اس کی نمائندگی ایوانوں میں ہے بلکہ ایم کیو ایم لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔ سندھ کے ووٹر ایم کیو ایم کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈہ سے نہ گھبرائیں، میئر کراچی اور اپوزیشن لیڈر ایم کیو ایم کے نہیں بلکہ کراچی اور سندھ کے عوام کے مینڈیٹ کے ہیں۔