کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے 29 اپریل کو لیاقت آباد فلائی اوور پر جلسے کا اعلان کر دیا۔ کہتے ہیں کہ جلسے میں وہ جنوبی سندھ صوبہ کے قیام کیلئے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔
کراچی میں اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے چئیرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے 29 اپریل کو لیاقت آباد میں جلسے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مشاورت کے بعد ڈسٹرکٹ سینٹرل میں بڑے جلسے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ مہاجر قوم کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا جس میں اہم فیصلوں کا اعلان کیا جائے گا۔
آفاق احمد کا کہنا تھا کہ ماضی میں جنوبی سندھ صوبہ کے قیام کیلئے دستخطی مہم چلائی تھی، آج آصف زرداری جنوبی پنجاپ صوبہ بنانے کا اعلان کر رہے ہیں۔ سندھ میں انتظامی اختیار پیپلز پارٹی کے پاس ہے جس طرح جنوبی پنجاب صوبہ کی حمایت کرتے ہیں، اس طرح پیپلز پارٹی جنوبی سندھ صوبہ کی بھی حمایت کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ 29 اپریل کے جلسہ میں وہ جنوبہ سندھ صوبہ کے قیام کیلئے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے اور جلسہ عام میں مہاجروں سے رائے طلب کی جائے گی۔