کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم بہادر آباد نے فاروق ستار کی 'فرمائش' پوری کرنے سے انکار کرتے ہوئے ایک بار پھر مذاکرات کی پیش کش کر دی۔
کراچی میں ایم کیو ایم بہادرآباد کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے فاروق ستار سمیت دیگر پی آئی بی میں موجود اراکین کو 5 فروری سے پہلی والی پوزشین میں پورے عزت و وقار کے ساتھ بہادرآباد واپس آنے کے لیے 7 دن کی ڈیڈ لائن دے دی۔
ڈاکٹر خالد مقبول کا کہنا تھا کہ وہ ڈاکٹر فاروق ستار کی رابطہ کمیٹی بہادرآباد کو تحلیل کرنے کی تجویز نہیں مان سکتے، ایک شخص کی فیس سیوینگ کے لیے پوری پارٹی کو داؤ پر نہیں لگا سکتے، کامران ٹیسوری کو رابطہ کمیٹی نے معطل کیا تھا، وہ کارکن کی حیثیت سے واپس آجائیں۔
خالد مقبول نے کہا کہ ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد جو بھی پارٹی میں واپس آئے گا وہ ایک کارکن کی حیثیت سے آئے گا جس کی زمہ داری کا تعین وقت کی مناسبت سے کیا جائے گا۔